1. ہوم/
  2. مفردات/
  3. لہسن

لہسن

لہسن جسے پنجابی میں تھوم، انگریزی میں گارلک (Garlic) اور عربی میں سیر کہتے ہیں۔ ایک چھوٹا جھاڑی دار پودا ہے۔ یہ جنگلوں میں خود رو بھی پیدا ہوتا ہے۔ اس کی پوتھی میں متعدد جوے ہوتے ہیں۔ جن کی تعداد متعین نہیں۔ یہ پوتھی زمین کے نیچے ہوتی ہے اور بعض قسموں میں پوتھی میں صرف ایک جویا بجی ہو سکتا ہے۔ اس کی جسامت ایک انچ سے ایک فٹ تک ہو جاتی ہے۔ یہ شفاء بخش اثرات سے سونے جیسی قیمتی ترکاری ہے۔ پرانے حکماء نے صدیوں سے اس کو روز مرہ کی اانسانی غذا میں مصالحہ کے طور پر داخل کیا ہے۔

مزاج: گرم خشک

استعمال اور فوائد

لہسن یہ ایک قدرتی اینٹی بائیوٹک شمار کیا جاتا ہے جو انسانی جسم پر کسی بھی بیماری کے حملے کی مذمت کرتا ہے۔ دنیا بھر میں مرطوب یعنی بادی اور مرغن غذاؤں کو زود ہضم بنانے اور خون کو ان کے زہریلے اثرات سے صاف کرنے کے لیے اس کا استعمال روز بروز بڑھ رہا ہے۔ اس کے کھانے سے بدن میں بکثرت باد نسیم جذب ہونے کی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے جس کے باعث عام صحت کے علاوہ دل اور دماغ خاص طور پر طاقتور اور روشن ہو جاتے ہیں۔

جس میں ضروری وٹامنز کے علاوہ معدنی نمکیات آیوڈین وافر ہوتا ہے۔ اس میں موجود آیوڈین جسم میں داخل ہونے سے بدنی گلٹیوں کا سائیز کم ہونے لگتا ہے۔ غدودوں کا فعل تیز ہو جاتا ہے ان کے ہارمون زیادہ مقدار میں خارج ہوتے ہیں اور جمع شدہ زہریلے مادے جسم سے نکل جاتے ہیں اور جابجا بنتی ہوئی عارضی گللٹیاں ختم ہو جاتی ہیں۔

خطرناک کولیسٹرول LDL کی مقدار کو کم کرتا ہے۔ لہسن کے استعمال سے شرائین کی سختی دور ہوتی ہےاور دوبارہ قدرتی لچک بحال ہو کر ہائی پریشر کم ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ اس میں خون کو پتلا رکھنے کی صلاحیت ہو تی ہے۔

اس کے مسلسل استعمال سے ہارٹ اٹیک سے بچا جا سکتا ہے، اس کے کھانے سے سینہ کا درد جاتا رہتا ہے۔ فالج لقوہ اور رعشہ میں مفید ہے۔ پیٹ کےسدے نکالتا ہے۔ منہ کا لعاب زیادہ تیار کرکے کھانا ہضم کرتا ہے۔ پیشاب آور ہے۔

جسم کو گرمی پہنچتی ہے۔ تین سے چار جووے چھیل کر آدھے چائے کے چمچ گھی میں بھون کر تھوڑا پانی اور حسب ذائقہ نمک مرچ ڈال کر شوربہ بنائیں۔ اس طرح کھانے سے سرد موسم میں پٹھوں کے کھچاؤ میں انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ نزلہ زکام کھانسی اور جسمانی کمزوری دور ہوتی ہے۔

حلق کی سرخی اور ورم کو دور کرتا ہے۔

اس کے لگانے سے سانپ اور بچھو کے زہر کے اثرات زائل ہوتے ہیں۔ اس کو ہلدی اور تیل کے ساتھ پیس کر باندھا جاتا ہے۔ بند چوٹ اور ورم کو آرام آتا ہے۔

گائے کے گھی ایک تولہ میں لہسن کی تین پوتھیاں جلائیں۔ اور پھر روغن کا شیشی میں ڈال کرمحفوظ رکھ لیں بوقت ضرورت دو قطرے کانوں میں ڈالیں۔ کان کا درد جاتا رہے گا۔ پیپ نکلنا بند ہو جائے گا۔

لہسن کا رس آدھی چمچ دو چمچ شہد گرم پانی میں ڈال کر پینے سے شدید کھانسی میں مفید ہے۔ کالی کھانسی چند دنوں میں ختم ہو جاتی ہے۔

اس کے ریگولر استعمال سے ذیابیطس ٹو کے مریض فائدہ اٹھا سکتے ہیں کہ یہ ہمارے خون میں گلوکوز کے لیول کو کم کرتا ہے۔

لہسن کا کچا کھانے سے جسم کا میٹابولزم بہتر ہوتا ہے۔ اس کے دو سے تین جووے کچا چبا کر کھا سکتے ہیں تو بہتر ہے ورنہ اس کے اچار، پیسٹ، یا چٹنی کی شکل میں کھانے سے جسم میں WBC کی مقدار بڑھتی ہے۔ یعنی یہ ہمارے امیون سسٹم کو بہتر کرتا ہے۔

لہسن کا ایک نہائیت عمدہ مرکب: لہسن کا رس ایک پیالی، لیموں کا رس ایک پیالی، ادرک کا رس ایک پیالی، سرکہ سیب ایک پیالی، شہد تین پیالی۔

شہد کے علاوہ تینوں رس ملا کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب چار میں سے تین پیالی کے قریب رس رہ جائے تو تین پیالی شہد ملا کر محفوظ کر لیں۔ ہر روز تین چمچ اس محلول کو پانی میں ڈال کر یا ایسے ہی پیا جائے تو یہ دل کی بند شریانوں کو کھولتا ہے۔ بلڈ پریشر کو کنٹرول رکھتا ہے۔ وزن میں کمی لاتا ہے۔ پیٹ کے اپھارہ میں مفید ہے۔ بہت مجرب ہے۔

حکیم مظفر علی زیدی

جھنگ صدر سے 1993 میں فاضل طب الجراحت کا امتحان پاس کیا۔ تین سال جڑی بوٹیوں کی پہچان کی خاطر مختلف پنسار سٹورز پر اپنی خدامات ادا کیں۔ 1997 میں "زیدی دواخانہ " (کڑیال روڈ نوشہرہ ورکاں ضلع گوجرانولہ) کا قیام عمل میں لا کر مطب کا آغاز کیا۔ جو اللہ کے فضل سے لوگوں کے لئیے شفاء اور آسانیوں کا باعث بن رہا ہے۔

رابطہ نمبر 03005816733، 03481816733۔