امرودوں کا موسم اب شروع ہوچکا ہے، جن پر چاٹ مصالحہ چھڑک کر کھانا تقریباً ہر ایک کو ہی پسند ہوتا ہے۔ مگر یہ صرف منہ کا ذائقہ ہی دوبالا نہیں کرتا بلکہ اس میں ایسے اجزاء بھی موجود ہوتے ہیں جو اسے صحت کے لیے بہترین پھل بناتے ہیں۔ وٹامن سی سے بھرپور یہ پھل کتنے فوائد کا حامل ہے وہ درج ذیل ہے۔
کینسرکاخطرہ کم کرے
امرود میں موجود وٹامن سی، لائیکو پین اور دیگر اجزاء ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس کا کام کرتے ہیں جو جسم میں نقصان دہ اجزاء کی سطح کم کرتے ہیں، جس سے کینسر زدہ خلیات کی نشوونما نہیں ہوتی۔
ذیابیطس کےمریض
فائبر سے بھرپور ہونے کی وجہ سے امرود ذیابیطس کو بڑھنے سے روکتا ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو ریگولیٹ کرتا ہے۔
دل کوصحت مند بنائے
امرود کھانے سے جسم میں نمک یا سوڈیم اور پوٹاشیئم کے توازن میں بہتری آتی ہے جس سے بلڈ پریشر کنٹرول میں آتا ہے، یہ پھل صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول اور دیگر عناصر کی سطح بھی کم کرتا ہے جو کہ امراض قلب کا باعث بنتے ہیں۔
قبض کشا
اس میں غذائی فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور ایک امرود ہی فائبر کی روزانہ کے لیے ضروری مقدار کا 12 فیصد حصہ جسم کو فراہم کردیتا ہے جو کہ نظام ہضم کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے، امرود کے بیج بھی قبض کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
بینائی بہتر کرے
امرود میں وٹامن اے پایا جاتا ہے جو کہ آنکھوں کی صحت کے لیے بہترین ہے، یہ پھل نہ صرف عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں آنے والی تنزلی سے تحفظ دیتا ہے بلکہ اسے بہتر بھی کرتا ہے۔ یہ موتیے کے مرض کی رفتار کو بھی سست کرتا ہے۔
حاملہ خواتین کے لیے
اس پھل میں فولک ایسڈ موجود ہوتا ہے جو حاملہ خواتین کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
دانتوں کا درد
امرود میں ورم کش خصوصیات بھی ہوتی ہیں اور جراثیم کش ہونے کی وجہ سے بھی یہ انفیکشن کے خلاف جدوجہد کرتا ہے جبکہ جراثیموں کو مارتا ہے، اس لیے اسے کھانا دانت کے درد کے لیے اچھا گھریلو ٹوٹکا ثابت ہوتا ہے۔
تناؤ کم کرے
امرود میں موجود میگنیشم، مسلز اور اعصاب کو پرسکون کرتا ہے، لہذا دن بھر کے کاموں کے بعد اسے کھانے سے مسلز کو سکون ملتا ہے، ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے جبکہ جسمانی توانائی بڑھتی ہے۔
دماغی پھل
اس پھل میں وٹامن بی تھری اور بی سکس بھی موجود ہے جو کہ دماغ کی جانب خون کی فراہمی کو بہتر کرتے ہیں اور ذہنی افعال کو تحریک دینے کے ساتھ اعصاب کو بھی سکون پہنچاتے ہیں۔
موٹاپے سے تحفظ
اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو امرود کھانا شروع کردیں، جس سے آپ کو اپنی غذا میں پروٹینز، وٹامنز اور فائبر میں کمی نہیں لانا پڑے گی جو کہ اس پھل میں موجود ہے جبکہ یہ میٹابولزم کو بھی بہتر کرتا ہے اور ہاں اسے کھانے سے جلد پیٹ بھرنے کا احساس بھی ہوتا ہے۔
جھریوں سے بچائے
وٹامن اے، وٹامن سی اور اینٹی آکسائیڈنٹس جیسے کیروٹین اور لائیکوپین کی وجہ سے امرود جلد کو جھریوں سے بچاتا ہے، یعنی ایک امرود روزانہ جھریوں کو کافی عرصے تک دور رکھتا ہے۔
نوٹ: اسے اگر پسی ہوئی کالی مرچ ساتھ کھایا جائے مزید فائدہ دے کر جلد ہضم ہوجاتا ہے۔